سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی کا ناراض رہنماؤں کیخلاف ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنےکا فیصلہ
خیبرپختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےکاغذات واپس نہ لینے والے ناراض رہنماؤں کے خلاف ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنےکا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار طلحہ محمود نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ اتوار تک پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہیں ہوئے تو حکومت اور اپوزیشن مل کر الیکشن لڑیں گے۔
طلحہ محمودکے مطابق فیصلہ جس اجلاس میں ہوا اس میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ علی امین گنڈا پور بھی شریک تھے، اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
طلحہ محمود نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے معاہدے پر عملدرآمدکی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی، پی ٹی آئی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ناراض امیدواروں کے خلاف کاروائی کرےگی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جن امیدواروں کو بانی پی ٹی آئی نے نامزد نہیں کیا وہ کاغذات واپس لیں، سیاسی کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی ہوگی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں