عمران مذاکرات پر تیار ہیں،90 دن میں آر یا پار ہو جائے گا،فضل الرحمان منافق ہے، گنڈا پور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخو علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کے لئے تحریک کاآغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90 دن میں عمران خان رہا ہوں گے یا پھر سیاست چھوڑ دوں گا ، آر یا پار کرنے کےلئے تحریک شروع کردی حکومت میں رہیں یا ناں رہیں ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا لیکن ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔  

لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا عمران خان نے قوم کو شعور دیا، انہوں نے پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کی بات کی، ہمارے خلاف اب بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں،  کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتناظلم نہیں ہوا جتنا ہمارے ساتھ ہوا، عمران خان کے خلاف کیسز نہیں چلائے جا رہے کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس ہی نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا عمران خان نے خود پر ہونے والے تمام مظالم کے باوجود واضح طور پر کہا ہے کہ میں پاکستان کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن انہوں نے واضح کیا ہے کہ بات صرف ان لوگوں سے ہوگی جن کے پاس اختیارات ہیں۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کی ہدایت پر کل سے 90 روز کی تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، تحریک کی قیادت خود عمران خان کریں گے اور ہم ان کے احکامات کے پابند ہیں، ہم اس تحریک کو پاکستان کے ہر گلی، کوچے، محلے اور شہر تک لیکر جائیں گے، ہم اس تحریک کو آر یا پار کریں گے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہماری حکومت رہتی ہے نہیں رہتی۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا 90 روز میں فیصلہ کرنا ہے کہ سیاست کرنی ہے یا نہیں،  ان کی ٹائم لائن پر چلنا ہمیں قبول نہیں،  دیکھیں گے آئندہ ہمیں کیا لائحہ عمل طے کرنا ہے،  ہم پاکستانی عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، لیکن ہمارے خلاف دوبارہ فسطائی مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے متعلق پارٹی نے بیان دینے سے منع کیا تھا، مولانا فضل الرحمان ایک منافق آدمی ہے، مولانا فضل الرحمان ابھی بھی اندر سے اسٹیبلشمنٹ سے ملا ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان نے مذہب کے نام پر ووٹ لیا،  مولانا فضل الرحمان کی اوقات یہ ہے کہ وہ اپنے حلقے سے ضمانت ضبط کروا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے جیتنے والے کو کے پی سے متعلق بولنے کا حق نہیں، مولانا فضل الرحمان کو چیلنج ہے کہ میرے بھائی کے خلاف بھی الیکشن جیت کردکھا دیں، مولانا فضل الرحمان اگر نہ جیت سکے تو سیاست چھوڑ دیں، اگر میرا بھائی مولانا سے الیکشن ہارا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے