متنازع بیان: عمران خان کا پی ٹی آئی قیادت کی تشویش پر بشریٰ بی بی کو سیاست سے دور رہنے کا حکم

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے متنازع بیان دینے پر اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سیاست سے دور رہنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے متنازع بیان سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی  سینئر قیادت نے تشویش کا اظہار کیا تھا، جس کا عمران خان نے فوری نوٹس لیا۔

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی اکثریت نے بشریٰ بی بی کے بیان سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی جانب سے بشریٰ بی بی کو کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی معاملے سے قبل پارٹی قیادت سے مشاورت کریں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی 24 نومبر کے احتجاج کا حصہ ہوں گی، مگر ان کا مرکزی کردار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب متنازع بیان سامنے آنے کے بعد تنقید شروع ہونے پر بشریٰ بی بی نے مشعال یوسف زئی کے ذریعے عمران خان کو پیغام پہنچانے کی کوشش کی، تاہم انہیں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا پیغام ایڈیٹ کرکے اپ لوڈ ہوا، لیکن سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی غلطی کو کیسے نظر انداز کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے