پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعقات مثبت سمت گامزن ہیں، اسحاق ڈار

پاکستان اور ترکمانستان نے برابری کی سطح پر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی مسائل پر دونوں ممالک کا مؤقف یکساں ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مثبت سمت میں گامزن ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دو طرفہ تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مذاکرات کے تیسرا دور اسلام آباد میں ان کی اور مہمان وزیر خارجہ راشد میر دود کی مشترکہ صدارت میں ہوا، جس میں دونوں اطراف سے یہ بات نوٹ کی گئی کہ علاقائی مسائل سے متعلق دونوں ممالک کا مؤقف یکساں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ باہمی تعلقات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا ہے اور اس دوران دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مذاکرات کے اس سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہم نے اپنے مہمان برادر وزیر خارجہ راشد میردوو سے کہا ہے کہ پاکستان ترکمانستان کے صدر گربنگولی بردی محمدوف کے پاکستان کے دورے کا بے تابی سے انتظار کر رہا ہے۔صدر گربنگولی بردی محمدوف کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اپنے برادر وزیر خارجہ راشد میر دود کو سرمایہ کاری کے لیے ایس آئی ایف سی کے اہم کردار سے آگاہ کر دیا ہے، جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بڑھانے پرغورکیا بھی کیا ہے، جس کے بعد ہم نے معیشت، دفاع اور سیاست سمیت دیگر تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاق کیا۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ ترکمانستان کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور اس حوالے سے ہم نے اپنے مہمان وزیر خارجہ کے ذریعے ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کی کمپنیوں کے پاس اس وقت نادر موقع ہے کہ وہ گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان کی بندر گاہیں ترکمانستان سمیت قریبی ریاستوں کی تجارتی برادری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکمانستان کے مہمان وزیر خارجہ راشد میردوو نے کہا کہ میں پاکستان آمد پر حکومت کی جانب سے زبردست مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں، ہمیں اس بات کی بے حد خوش ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا انتہائی قریبی برادر ملک ہے، ہم نے اسلام آباد میں ملاقاتوں اور دو طرفہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا ہم نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ دونوں برادر ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلقات میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان تعلقات کو مثبت سمت بڑھانے، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں تعاون، علاقائی روابط اور ثقافتی تعلقات پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے کھل کر بات کی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے