گلگت بلتستان :چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 شہادتوں کی تصدیق
گلگت بلتستان میں چلاس کے علاقے ہڈور نرسرہ میں پاک فوج کے ایوی ایشن کے ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے بعد ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق گرنے والے ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور ٹکنیکل عملے کے 3 اہلکار سوار تھے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نےحادثے کے نتیجے میں 5 شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ایم آئی-17 کو حادثہ 10 بجے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے، شہدا میں میجر عاطف (پائلٹ اِن کمانڈ)، میجر فیصل (کوپائلٹ)، نائب صوبیدار مقبول (فلائٹ انجینیئر)، حوالدار جہانگیر (کریو چیف) اور نائیک عامر (کریو چیف) شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران گر گیا۔ حادثے کے بعد کمانڈر ایف سی این اے، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور کمشنر دیامر سمیت عوام کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ چکی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری طرف ہیلی کاپٹر گرنے کی جگہ سے موصول ہونے والی غیرمصدقہ تصویر میں دھواں اٹھنے کا منظر دیکھا جاسکتا ہے، واقعے کے بعد مقامی افراد نے نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔
ہیلی کاپٹر حادثے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کارروائیوں کی ہدایت کی ہے، واقعے کے بعد ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں