امریکہ بھارت تجارتی جنگ: ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا، جس کے بعد مجموعی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔

ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف آئندہ 24 گھنٹوں میں اضافی درآمدی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پر نافذ 25 فیصد ٹیرف کو مزید بڑھایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت ایک بہتر تجارتی شراکت دار ثابت نہیں ہوا، کیونکہ وہ تاحال روس سے خام تیل خرید رہا ہے، جو بالواسطہ طور پر یوکرین میں جاری جنگی کارروائیوں کو توانائی فراہم کرنے کے مترادف ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اُس پر عائد تجارتی محصولات مزید بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارت بڑی مقدار میں روس سے تیل خرید رہا ہے اور اُسے فروخت کر کے فائدہ بھی اٹھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی جارحیت کے نتیجے میں کتنے افراد ہلاک ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اب بھارت پر مزید سخت معاشی اقدامات کرنے جا رہے ہیں، جن میں ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے