رکشہ ڈرائیور کی بیٹی کی میرپور بورڈ میں پہلی پوزیشن
رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے میرپوربورڈ کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ امتحان میں 45ہزار سے زائدامیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ میر پور بورڈ کے سال 2024 کے انٹرمیڈیٹ نتائج کااعلان ہوا تو ہزاروں امیدواروں کو اول آنے کی امید تھی لیکن یہ کامیابی ایک ایسی طالبہ کے نام رہی جو ایک غریب فیملی سے تعلق رکھتی ہیں،طیبہ صغیر کاتعلق جہلم ویلی سے جو ماڈل سائنس کالج مظفرآباد کی سٹوڈنٹ ہیں۔ طالبہ اپنی کامیابی پر خوشی سے نہال تھیں ان کا کہنا تھا کہ والدین کی سپورٹ کے بغیر یہ کامیابی ناممکن تھی.

آزادجموں وکشمیر انٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈ میر پور کے زیراہتمام ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کااعلان جمعہ کے روز کیا گیا۔ امتحانات میں مجموعی طورپر45676امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کروائے تھے جن میں سے 45215 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد27 ہزار709 رہی اور کامیابی کا تناسب61.28 فیصد رہا ،سرکاری تعلیمی اداروں کے ریگولر امیداروں کی کامیابی کا تناسب75.20فیصد اور پرائیویٹ اداروں کی کامیابی کاتناسب71.8 فیصد رہا۔ انٹرمیڈیٹ امتحان میں ناکام امیدواروں کی تعداد17ہزار506 رہی ۔گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج مظفرآباد کی طالبہ طیبہ صغیر نے بورڈ میں مجموعی طورپر پہلی پوزیشن حاصل کی انہوں نے 1200 میں سے 1154 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن کااعزاز اپنے نام کیا۔الغزالی کالج آف سائنس کوٹلی کی طالبہ نطیفہ فاطمہ نے 1151 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں