کوئی مذاکرات نہیں اب صرف احتجاج ہوگا، عمران خان
سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ’اب کسی سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے! صرف اور صرف سڑکوں پر احتجاج ہو گا تاکہ قوم زبردستی کے مسلط کردہ کٹھ پتلی حکمرانوں سے نجات حاصل کرے۔‘
عمران خان کے ایکس اکاونٹ پر جاری ہونے والے بیان میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ایک قوم اپنے حق کے لیے خود کھڑی ہو جاتی ہے پھر اس کو کوئی طاقت جھکا نہیں سکتی۔ تمام پاکستانیوں کو اب اپنی حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا ہو گا۔‘
ایکس پر پیغام میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ملک کی خاطر میں نے بارہا مذاکرات کی بات کی مگر اب مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد اس ملک میں آئین و قانون اور انصاف کو دفن کر دیا گیا ہے۔ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی جو امید تھی وہ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔‘
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس پر اپنے بیان میں کہنا جتھا کہ ’ملک گیر تحریک کا مکمل لائحہ عمل اسی ہفتے پیش کیا جائے گا، پانچ اگست کو میری نا حق قید کو پورے 2 برس مکمل ہو جائیں گے۔ اسی روز ہماری ملک گیر احتجاجی تحریک کا نقطہ عروج ہوگا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’دوٹوک پیغام دے رہا ہوں کہ تحریک انصاف کا جو عہدہ دار اس تحریک کا وزن نہیں اٹھا سکتا وہ ابھی سے الگ ہو جائے۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کارکنوں، حامیوں اور عوام سے کہا ہے کہ وہ 5 اگست سے شروع ہونے والی پرامن لیکن مؤثر احتجاجی مہم کے لیے تیار ہوں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ اب صرف سیاسی انتقام کا معاملہ نہیں رہا، یہ ہر شہری کے حقوق چھن جانے کا معاملہ ہے، بانی نے کہا ہے کہ یہ تحریک اب دوسری تحریک پاکستان کی شکل اختیار کرے گی۔‘
عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ’بانی سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی ہے پارٹی امور پر بھی ہوئی ہے قانونی معاملات پہ بھی ہوئی ہے۔ تحریک کے حوالے سے بھی ہوئی ہے بات یہ ہے کہ جب ائیسولیٹ کر دیا جائے، اخبار نہ دیا جائے اور ملاقات کرنے کی اجازت نہ دی جائے تو بہت سارے معاملات زیر بحث آجاتے ہیں
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں