باجوڑ میں بم دھماکہ،اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت5 افراد شہید،11 زخمی
خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑکے علاقے صدیق آباد پھاٹک میلہ گرائونڈ کے قریب بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 افراد شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔
باجوڑ کے صدر مقام خار میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق صدیق آباد پھاٹک میں ناوگئی روڈ پر بم دھماکے میں 5 افراد شہید ہوگئے اور 11 زخمی ہوگئے شہداء کی لاشیں خار ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، شہدا میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناواگئی، 2 پولیس اہلکار اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔
ڈی پی او وقاص خان کے مطابق تھانہ خار کی حدود میں واقع میلہ گراؤنڈ کے قریب اسسٹنٹ کمشنر نواگئی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی فیصل سلطان، تحصیل دار وکیل، اے ایس آئی نور حکیم، پولیس کانسٹیبل رشید اورایک نامعلوم شخص شہید ہوگیا، شہدا کے جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیے گئے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال خار منتقل کردیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت دیگر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بے گناہ افراد کا ناحق خون بہانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہاکہ ملک دشمنوں عناصرکو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورنے واقعے کی تحقیقات کیلئے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں