وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، گڈ گورننس اور ترقیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر برائے کیبنٹ افیئرز برائے کمپیٹیٹونس اور نالج ایکسچینج عبداللہ نصر لوتاہ کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان میں عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی، گورنمنٹ نالج ایکسچینج آفس کے سینئر عہدیدار عبداللہ البلوکی اور ابراہیم العلی بھی شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو میں اپنے حالیہ دورۂ ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ہونے والی ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے متحدہ عرب امارات کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت پاکستان انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ڈیجیٹائزیشن، پیپرلیس اکانومی، اور فیس لیس کسٹمز سسٹم جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے فروغ کے لیے پاکستان، متحدہ عرب امارات کے تجربات سے سیکھنے اور استفادہ کرنے کا خواہاں ہے تاکہ فیصلہ سازی کو مؤثر اور ڈیٹا پر مبنی بنایا جا سکے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے جدید مینیجمنٹ نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے ان اصلاحات کے ذریعے خود کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے، اور پاکستان بھی اسی ماڈل کو اپنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران یو اے ای کے وزیر عبداللہ نصر لوتاہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ اپنے تجربات اور علم کا تبادلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم اور عبداللہ نصر نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی ایک اہم یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس یادداشت کے تحت دونوں ممالک گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبہ بندی، حکومتی اصلاحات، انسانی وسائل کی ترقی، شہری منصوبہ بندی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تجربات، رہنمائی اور ماڈلز کا تبادلہ کریں گے۔

تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں