پانچ پولیس اہلکاروں کی المناک موت، انکوائری کاحکم

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے لسڈنہ تولی پیر کراس کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

چوہدری انوارالحق نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پونچھ کو واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کر کے رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے۔

وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ امدادی سرگرمیاں بروقت اور موثر انداز میں مکمل کی جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت اور ایس پی باغ راجہ اکمل فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔

یاد رہے کہ حادثے میں انسپکٹر علی بخاری، انسپکٹر نوید، انسپکٹر چوہدری یاسر، کانسٹیبل ذاکر اور کانسٹیبل فہیم شہید ہو گئے تھے، جو حویلی سے پونچھ راولا کوٹ جا رہے تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے