کورکمانڈرزکانفرنس میں سیاسی قیادت میڈیا اور انفارمیشن واریئرز کی خوب تعریف
افواج پاکستان کی قیادت نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی میں موجودہ سیاسی قیادت، پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کے محاذ پر انفارمیشن وارئیرز کا کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کے مثبت کردار کی زبردست تعریف کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں معرکہ حق کے فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کی کامیاب تکمیل کو سراہا گیا۔ فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا اورپاکستانی میڈیا اور "انفارمیشن وارئیرز” کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر اور وزیراعظم نےسیدعاصم منیرکو ’بیٹن آف فیلڈ مارشل ‘ سے نواز دیا
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا، فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اُجاگر کیا بلکہ قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں