غربا کی کفالت:وزیر اعظم آزاد کشمیر چودہری انوار الحق کے پروگرام پر عملدرآمد شروع

آزاد کشمیر میں غریب ،نادار، یتیم اور مستحق افراد کی کفالت کے سب سے بڑے سرکاری پروگرام پر عملدرآمد کے لئے مستحق افراد سے درخواستیں طلب کر لی گئیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے 27 نومبر2023 کو9 ارب 93 کروڑ35 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے ایک انڈومنٹ فنڈ کے قیام کااعلان کیا تھا،اس تاریخی انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی قانون ساز اسمبلی سے بھی منظوری لی گئی ہے۔
آزادکشمیر کے محکمہ سماجی بہبود نے مستحق افراد کے کفالت کے تاریخی پروگرام پر عملدرآمد کےلئے 26 اگست تک درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ درخواستیں ضلعی سوشل ویلفیئر آفیسر کی وساطت سے اکٹھی کی جائیں گی۔ سیکرٹری سماجی بہبود کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یتیم بچوں، غریب اورمعذورافراد،طلاق یافتہ خواتین اور65 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں سمیت جو بھی شخص کفالت کا مستحق ہو وہ درخواست دینے کا اہل ہے۔ درخواستیں اوردیگر کوائف کی تصدیق کوئی بھی گزیٹیڈ آفیسر یا بلدیاتی نمائندے یعنی چیئرمین اور کونسلر کرسکیں گے۔
جو درخواست گزار پہلے سے کسی پروگرام سے استفادہ کررہے ہیں انہیں اپنی درخواست کے ساتھ اس پروگرام کا ذکر کرنا بھی ضروری ہوگا، سیکرٹری سماجی بہبود کے مطابق غلط معلومات فراہم کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے