جنوبی کوریا میں شدید برفباری، پروازیں منسوخ، 4 افراد ہلاک

جنوبی کوریا میں مسلسل دوسرے روز شدید برفباری سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں ، کم از کم چار افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ تاہم دن کے اختتام پر حالات میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی۔

جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، جمعرات کو ہونے والی برفباری دارالحکومت سیئول میں 1907 کے بعد ریکارڈ کی جانے والی تیسری سب سے زیادہ برفباری تھی ، بدھ کو نومبر کے مہینے کے تمام سابقہ برفباری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔سیئول کے کچھ علاقوں میں برف کی تہہ 40 سینٹی میٹر سے تجاوز کر گئی ، جس کے نتیجے میں 140 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، برفباری کے باعث بدھ کی رات ایک گالف رینج پر برف کے وزن سے نیٹ گرنے کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے، جبکہ ایک اور شخص ایک کار پارکنگ میں حفاظتی خیمے کے گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

سیئول میں ہونے والی شدید برفباری نے نہ صرف ٹریفک کے نظام کو متاثر کیا بلکہ سرد موسم کے باعث عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے