بااثر افراد کی شوگرملز کو23 ارب روپے قرضہ معاف؟

بااثرشخصیات کی 25شوگر ملز 23ارب روپے کا سرکاری قرض واپس  کرنے میں ناکام ہوگئیں اور قرضہ معاف کرانے کے لیے کوششیں تیز کر دیں۔

انورمجید کے اومنی گروپ کی 8شوگرملز کے ذمہ12ارب روپے قرض واجب الادا ہے تاہم یہ گروپ ابھی تک رقم واپس نہیں کر سکا۔ ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کی شوگرملز میں اہم سیاسی شخصیت کی پس پردہ شراکت داری ہے۔ شریف فیملی کی رمضان شوگرمل کے ذمہ2ارب 59کروڑ روپے قرض واجب الادا ہے تاہم قرض کی رقم واپس نہیں کی گئی۔

اتفاق شوگر مل نے بھی نیشنل بینک کو 62کروڑ روپے قرض واپس کرنا ہے اورنیشنل بینک نے قرض وصولی میں ناکامی کو نقصان تسلیم کرلیا۔ اس حوالے سے ایک دستاویز بھی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نقصان تسلیم کرنے پر قرض اورسود کی رقم معاف کرنے کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔

 آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں بتایاہے کہ نیشنل بینک نے پالیسی کے مطابق قرض کی رقم کومحفوظ نہیں بنایا۔ رپورٹ میں  کہا گیا ہے کہ نیشنل بینک غفلت اور کمزورفنانشل مینجمنٹ کے باعث قرض وصول نہیں کرسکا، غفلت اور کمزور مالی نظام کے باعث بینک کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی بااثرشخصات کی شوگرملز اربوں روپے کے قرض معاف کرواچکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے