اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپین کے پارلیمانی وفد کی ملاقات
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسانی حقوق، عالمی امن کے حصول اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور اسپین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے روابط عوام کے درمیان بھائی چارہ اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیں گے۔
سردار ایاز صادق نے اسپین کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین احترام اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور دہشتگردی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اسپیکر نے عالمی امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے نہ کہ جنگوں کے ذریعے۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اقوام عالم سے ان مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کی اپیل کی۔
اسپین کے پارلیمانی وفد نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو وہ اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ وفد نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (PIPS) کی فعالیت کو سراہا اور اس کے جدید کورسز کو اسپین میں متعارف کرانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسپیکر نے اسپین کے وفد کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس ملاقات میں پاکستانی سفیر ظہور احمد، رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں