رومانیہ کے اسکول میں بچوں کو جانوروں کے ذریعے ہمدردی سکھانے کا منفرد تجربہ
رومانیہ کے ایک گاؤں سندرلیٹا کے اسکول میں ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا جب بچوں کی کلاس میں ایک مرغی اور بطخ کو لایا گیا۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو ہمدردی کا سبق سکھانا اور حسنِ سلوک کے بارے میں آگاہ کرنا تھا ۔بطخ اور مرغی کو وائلڈ لائف ریسکیو ٹیم نے ریسکیو کیا تھا ۔ببلز نامی بطخ نے کلاس میں موجود بچوں کو اپنی شرارتوں سے محظوظ کیا جبکہ روڈیکا نامی مرغی خاموشی سے بیٹھی رہی اور بچے اس سے ملتے رہے۔

یہ مخصوص تعلیمی پروگرام الیفوو کاؤنٹی کے 20 اسکولوں میں پانچویں اور چھٹی جماعت کے بچوں کے لیے شروع کیا گیا ہے ۔ پروگرام کا مقصد بچوں میں ہمدردی اور دوسروں کی مدد کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ حکام امید کرتے ہیں کہ اس قسم کے پروگرام سے نہ صرف بچوں کی تعلیم میں بہتری آئے گی بلکہ ان کے رویے میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی۔اینیمل پروٹیکشن ایڈوائزر نے کہا کہ اسکولوں میں بُلنگ کے مسائل کو کم کرنے کے لیے یہ تجربہ بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے جانوروں کے ساتھ وقت گزارنا، جو کسی نہ کسی وجہ سے زخمی ہیں یا انہیں تکلیف پہنچی ہے، بچوں میں مختلف لوگوں کو قبول کرنے کا شعور پیدا کرسکتا ہے۔ڈاکٹر واسیلیو نے بتایا کہ جب بچے ان جانوروں سے ملتے ہیں تو ان پر ہمدردی کا گہرا اثر ہوتا ہے۔ تصاویر دیکھنے یا ٹی وی پر سیکھنے کے بجائے حقیقی جانوروں سے ملنا بچوں کے جذبات پر مضبوط اثر ڈالتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں