جارحانہ تقریر گنڈا پور کی مجبوری ، ویڈیو اڈیالہ جیل بھجوائی جاتی ہے، امیر مقام
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لئے ریاست کی رٹ قائم کرنا ہوگی، امن و امان کے لیے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی ہوگی، کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، فوج کو ہر وقت متنازعہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے، فوج صوبائی حکومت کی ریکوزیشن پر ہی آئی ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلی کے پی نے جلسہ میں اپنے خطاب میں بڑی جارحانہ تقریر کی، یہ ان کی مجبوری ہے کیونکہ ان کی وڈیو فوٹیج اڈیالہ جاتی ہے،سکیورٹی کے حوالے سے چند لوگ غیر ضروری بیان بازی کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ایپکس کمیٹی میں بات ہوئی، وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی وضاحت کر دی تھی کہ کوئی آپریشن نہیں ہو رہا،جیسی باتیں ہو رہی ہیں ویسا کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کا قیام یقینی بنائیں گے،دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کر رہی ہیں،پہلی کارروائی پولیس کرے گی،اس کے بعد ایف سی کی خدمات لی جائیں گی اور جہاں کہیں فوج کی ضرورت ہوئی وہ بھی مدد کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں نئی کوئی بات نہیں،نیشنل ایکشن پلان میں بھی اس پر عمل ہوا،تب نواز شریف کی سربراہی میں تمام سیاسی قوتیں اکٹھی ہوئیں، امن و امان پر سیاست نہ کی جائے،قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں